Meeting of the 42nd syndicate (Special Technology Zone)

یونیورسٹی آف سوات کے سینڈیکیٹ کا 42 واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرحسن شیر کی زیرصدارت منعقد ہوا. اجلاس کے دیگر شرکاء میں جسٹس ریٹائرڈ غضنفرخان, پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد وائس چانسلر یونیورسٹی آف ملاکنڈ, پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق سواتی سابقہ وائس چانسلر و نمائندہ گورنر خیبر پختونخواہ، یونیورسٹی آف سوات کے ڈینز اور دیگر سینڈیکیٹ ممبران شامل تھے۔ اس کے علاوہ سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سیکریٹری فائنانس ڈیپارٹمنٹ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندہ افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

سینڈیکیٹ کا یہ خصوصی اجلاس سوات میں ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لئے یونیورسٹی آف سوات کی زمین فراہم کرنے کے حوالے سے بُلایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جناب محمود خان نے یونیورسٹی آف سوات کے دوسرے کانووکیشن کے موقع پر سوات میں ٹیکنالوجی زون کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس ٹیکنالوجی زون کے قیام کا مقصد آئی ٹی اور اس سے جُڑے دوسرے شعبہ جات میں مین پارو اور پراڈکٹ کو پروان چڑھانے اور اس کو ممکنہ طور پر بیرون ممالک ایکسپورٹ کرنے کی سہولیات فراہم کی جائینگی۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ٹیکنالوجی زون کے قیام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یونیورسٹی آف سوات کے آج کے سینڈیکیٹ اجلاس میں ٹیکنالوجی زون کے قیام کیلئے زمین لیز پر فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ لیز کی دیگر تفصیلات یونیورسٹی آف سوات اور خیبر پختونخواہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مابین جلد ہی طے کی جائِینگی۔

اس موقع پر وائنس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے ٹیکنالوجی زون کے قیام کو علاقے کی ترقی میں ایک بڑا سنگ میل قرار دیا اور ضلع سوات میں اس میگا پراجیکٹ کی منظوری اور قیام پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جناب محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی آف سوات کے دوسرے کانووکیشن کے موقع پر جن ترقیاتی منصوبوں اور یونیورسٹی آف سوات کو جدید طرز کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے جو اعلانات کئے تھے یہ اُن تمام منصوبوں کی عملی جامہ پہنانے کی پہلی کڑی ہے اور اُمید ہے کہ مستقبل قریب میں دیگر منصوبوں پر بھی جلد آغاز ہوگا۔ سینڈیکیٹ کے دیگر ممبران نے بھی ٹیکنالوجی زون کے قیام کو سراہا اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی دلچسپی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کی طرف سے منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے قلیل وقت میں کی گئی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام ممبران کی تعاون اور میٹنگ میں شرکت کیلئے شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top