سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن جناب داود خان صاحب کا یونیورسٹی آف سوات کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے بتایا کہ اکیڈیمک بلاک-سی کی تعمیر 20 مارچ تک مکمل ہوکر یونیورسٹی کو حوالہ کر دیا جائیگا وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ جناب محمود خان صاحب کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی ہدایات کی بدولت یونیورسٹی کا تعمیراتی کام تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ایک خصوصی سٹیرنگ کمیٹی بنائی ہے جو وقتاً فوقتاً یونیورسٹی کی تعمیراتی کام کا جائزہ لیتی ہے اور وزیر اعلیٰ کو کام کی پیش رفت سے آگاہ کرتی ہے۔ اسی سلسلے میں سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن جناب داود خان صاحب نے یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اُن کو مختلف عمارتوں پر جاری کام کی تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ ان عمارتوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں نے بھی اپنے عمارات پر جاری کام کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو سُست نہ ہونے دیا جائے اور ساتھ ساتھ کام کی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئیے۔ یونیورسٹی آف سوات علاقے کے طالبعلموں کیلئے بنائی گئی سوات کی پہلی یونیورسٹی ہے اور یہاں زیر تعلیم ہزاروں طلباء جلد از جلد اپنی یونیورسٹی کے نئے تعمیر شدہ اکیڈیمک بلاکس میں منتقل ہونے کے منتظر ہیں کیونکہ ان نئی عمارتوں میں اُن کو معیاری کلاس رومز، لیبارٹریز اور تعلیم و تحقیق کیلئے ایک بہترین ماحول میسر ہوگا۔ سوات کے طلباء میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں اور جب اُن کو مطلوبہ سہولیات میسر ہونگی تو اُن کی قابلیت میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اُن کو یقین دہانی کرائی کہ بطور وائس چانسلر اُن کی سب سے اولین ترجیح یونیورسٹی کے اپنی عمارات کی تعمیر مکمل کرنا ہے اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔