پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات کی قیادت میں اکیڈیمک میدان میں کامیابیوں کا سفر جاری۔ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NAEAC) نے یونیورسٹی آف سوات کے BS (4 سالہ) فاریسٹری ڈگری پروگرام کے ایکریڈیشن کی منظوری دیدی۔ مذکورہ ڈگری پروگرام پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے بطور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز شروع کیا تھا اور آج بطور وائس چانسلر اس کے ایکریڈیٹیشن کی منظوری کروائی ہے۔
انچارج انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ فاریسٹری ڈاکٹر فضل ربی نے ایکریڈیٹیشن پروگرام کے پورے عمل کے دوران وائس چانسلر اور ڈین، فیکلٹی آف لائف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کی قیادت اور ساتھ ساتھ ذاتی سطح پر کوششوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے کہا ہے کہ یہ یونیورسٹی آف سوات کے فارسٹری ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کے لیے خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ان کی ڈگریاں اب تسلیم شدہ ہیں اور اب ان کو ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ڈگری کی تصدیق میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا۔
ایکریڈیٹیشن کونسل کی ٹیم نے 2018 میں اپنے زیرو وزٹ میں انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور فارسٹری ڈگری پروگرام کو ایکریڈیٹیشن دینے کے لیے کچھ شرائط کی تکمیل کی سفارش کی تھی۔ کونسل کے اراکین نے 20 ستمبر 2021 کو پروگرام کی جانچ کے لیے انسٹی ٹیوٹ کا دوبارہ دورہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ میں دستیاب مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ کونسل کے ممبران نے 2018 کے زیرو وزٹ کی بیشتر سفارشات کی تکمیل کو سراہا۔ کونسل کے اراکین نے یونیورسٹی آف سوات میں کم مالی وسائل کے باوجود ڈیپارٹمنٹل لائبریری کے قیام اور انسٹی ٹیوٹ کی نئی لیبارٹری کے قیام کو سراہا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے تمام عمل کے دوران ٹیم ورک اور انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ فاریسٹری (IAS&F) یونیورسٹی آف سوات کے تمام فیکلٹی کی کی کوششوں کو بھی سراہا جنہوں نے اس کامیابی میں کردار ادا کیا۔